بھٹکل 28؍اگست (ایس او نیوز) جناب ایس ایم یحییٰ مرحوم کے خاندان کی ایک رکن بھٹکل کی مبینہ مقبول کی انگریزی زبان میں تصنیف کردہ کتاب "Confectioner's Secrete"(’’حلوائی کے راز‘‘)منظر عام پرآگئی ہے۔جس میں مبینہ مقبول نے کیک، چاکلیٹ اور دیگر مٹھائیوں کے ساتھ مختلف بیکری آئٹمس کی ذائقہ دار تیاری کے سلسلے میں بھرپور معلومات فراہم کی ہے۔
مبینہ کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ جب وہ بحرین میں مقیم تھیں تو خود اپنے طور پر انہوں نے مٹھائیوں کی تیاری کے سلسلے میں جستجو اور تجربات سے نئی نئی اقسام کی بہت ہی لذیذ مٹھائیاں بنانے کے راز سیکھ لیے۔مبینہ نے اپنی کوکنگ اور بیکنگ کی مہارت کی وجہ سے وہاں کے رئیس خاندانوں میں کافی مقبولیت اور شہرت حاصل کی۔بحرین کے ٹی وی شو میں بھی انہیں حصہ لینے کا موقع ملا۔ اس کے علاوہ وہاں کے مشہور اخبار ’ دی ڈیلی گلف نیوز‘ نے مبینہ کو ہفتہ وارخصوصی شمارے میں کالم نگاری کا موقع بھی فراہم کیا۔بحرین میں منعقدہ چاکلیٹ تیاری کرنے کے مقابلے میں مبینہ نے اول مقام حاصل کیا تھا۔اس طرح مبینہ مقبول نے مٹھائی اور کانفیکشنری میں اپنی بین الاقوامی سطح کی مہارت ثابت کردی۔
یہ جو ان کی’’حلوائی کے راز‘‘نامی کتاب ہے اس میں مٹھائیوں کی تیاری کے سلسلے میں ان کے اپنے خصوصی تجربات اور مسلسل تلاش و جستجو کا نچوڑ شامل ہے۔بیکری آئٹمس کھانے کھلانے کا شوق رکھنے کے باوجود اس کے اچھے نتائج نہ ملنے کے خدشات کی وجہ سے پیچھے ہٹنے والے اس کتاب کے مطالعے سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ فی الحال یہ کتاب بنگلورو کے ’سپنابک ہاؤس‘ میں فروخت کے لئے رکھی گئی ہے۔اس کتاب کی قیمت 2200روپے ہے مگر اجراء کے موقع پر یہ کتاب 1500روپے میں دستیاب ہے۔ اس سلسلے میں مرحوم ایس ایم یحییٰ صاحب کے مکان پر منعقدہ ایک پریس کانفرنس کے دوران اپنے خاندان کے اراکین کے ساتھ اپنی مسرت کا اظہار کرتے ہوئے مصنفہ مبینہ مقبول نے کہا کہ دنیا کے مختلف کلچر، قومیت اورباوچی خانوں کو ذہن میں رکھ کر اس کتاب کو ترتیب دیا گیا ہے۔اس لئے بیکری اشیاء کی تیاری میں دلچسپی رکھنے والا ہر کوئی اس سے استفادہ کرسکتا ہے۔ اس تعلق سے کسی بھی قسم کی جانکاری یا معلومات کے لئے وہاٹس ایپ نمبر 0097333899299 / 0097339592804 پر رابطہ قائم کیا جاسکتا ہے۔اس موقع پر ڈاکٹر مقبول، محمد اکرم، شاکرہ نظام، ۔۔۔وصی اللہ،خضر بوٹا موجود تھے۔